مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا

image

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عراق میں دو آئل ٹینکروں پر حملوں کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق عراقی سمندری حدود کے قریب دو بین الاقوامی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق برطانوی خام تیل (برینٹ) کی قیمت میں تقریباً 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 100.50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 8.57 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 94.73 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔

ابتدائی ایشیائی تجارت کے دوران ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 7.5 فیصد اضافے کے ساتھ 93.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

توانائی کے ماہرین کے مطابق اگر خلیجی خطے خصوصاً آبنائے ہرمز کے اطراف کشیدگی برقرار رہی تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ اور اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US