نئے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا پہلا پیغام، شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان

image

ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا آڈیو پیغام سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے شہداء کے خون کا بدلہ لینے اور خطے میں سخت ردعمل کا عندیہ دیا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایران مشکل حالات سے گزر رہا ہے ایرانی عوام نے حالیہ واقعات میں اپنی بصیرت، جرات اور ثابت قدمی سے دنیا کو دکھا دیا کہ وہ ایک عظیم قوم ہیں۔

نئے سپریم لیڈر نے اپنے والد اور سابق ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خدا کی راہ میں چھ دہائیوں سے زیادہ خدمات انجام دیں اور ہر طرح کی آسائش قربان کی۔ ان کے بعد قیادت سنبھالنا ایک بڑا اور مشکل کام ہے جس کے لیے عوام کی حمایت ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ان کے والد اور ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو 10 رمضان کے دن قرآن پاک کی تلاوت کے دوران شہید کیا گیا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اپنے شہداء کے خون کا بدلہ لینے سے دستبردار نہیں ہوگا اور دشمن کو شکست دینا قوم کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز بند رکھنے کا اختیار بھی استعمال کیا جاسکتا ہے اور دشمن کے خلاف دیگر محاذ بھی کھولے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم جن فوجی اڈوں کو ایران کے خلاف استعمال کیا گیا انہیں نشانہ بنایا گیا ہے اور آئندہ بھی یہی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔

نئے ایرانی سپریم لیڈر نے ہدایت کی کہ دشمن کے حملوں میں زخمی ہونے والوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ مالی اور املاک کے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

آخر میں انہوں نے ایرانی عوام سے صبر، اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے دشمنوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا اور جب تک شہداء کے خون کا بدلہ نہیں لیا جاتا جنگ جاری رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US