نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے تمام اداروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ کو قبول کرنے سے انکار نہ کریں کیونکہ یہ فزیکل شناختی کارڈ کے مساوی قانونی حیثیت رکھتا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض سرکاری دفاتر اور ادارے اب بھی ڈیجیٹل کارڈ کے بجائے فزیکل کارڈ یا فوٹو کاپی طلب کر رہے ہیں جو موجودہ قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے منافی ہے۔
اتھارٹی نے وضاحت کی کہ نادرا آرڈیننس کے تحت بنائے گئے ریگولیشن 9 اور 10 کے تحت ڈیجیٹل شناختی اسناد کو قانونی حیثیت حاصل ہے اور یہ شناخت کا درست ثبوت فراہم کرتی ہیں۔ نادرا کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل کارڈ استعمال کرنے سے شناختی معلومات کے غلط استعمال اور غیر ضروری فوٹو کاپیوں کی ضرورت کم ہو جاتی ہے، اور شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ بھی یقینی بنتا ہے۔
نادرا نے تمام سرکاری محکموں، عوامی اور مالیاتی اداروں اور ٹیلیکام آپریٹرز سے کہا ہے کہ وہ احکامات کی پابندی کریں۔ شہری اپنی شکایات نادرا کے سرکاری شکایتی نظام کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔