وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عوام سے کیے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا تاکہ عام آدمی پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشت اس وقت دباؤ کا شکار ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیراعظم کے مطابق بروقت پالیسی سازی، حکومتی بچت اقدامات اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کسی بھی جگہ سرکاری قیمت سے زائد رقم وصول نہ کی جائے۔