کراچی میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 2 افراد زخمی، ٹرالر ڈرائیور جاں بحق

image

کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث حادثات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد زخمی جبکہ ایک ٹرالر ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق جوہر موڑ، راشد منہاس روڈ پر ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد مشتعل شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی اور ڈمپر کو روک لیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر ڈمپر سمیت تھانے منتقل کر دیا ہے جبکہ زخمی افراد کی شناخت اور واقعے کی مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 42 سالہ ثمرین کے نام سے ہوئی ہے جسے فوری طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے باعث راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر رہی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب نارتھ ناظم آباد کے علاقے کٹی پہاڑی کے قریب ایک تیز رفتار ٹرالر بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر نجی بینک کی عمارت میں جا گھسا۔ پولیس کے مطابق حادثے میں ٹرالر ڈرائیور 21 سالہ محمد احسان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US