نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ادارے کے ویزا پورٹل کی نقل پر مبنی جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسی ویب سائٹس سے دور رہیں اور اپنی ذاتی معلومات فراہم کرنے سے گریز کریں۔
نادرا کی جانب سے عوامی آگاہی کے لیے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کے ویزا پورٹل کی نقل پر مبنی ایک جعلی ویب سائٹ سامنے آئی ہے جس کا لنک https//www.visa.nadragov.online
ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق یہ ویب سائٹ ادارے سے کسی بھی طور منسلک نہیں اور خدشہ ہے کہ اسے شہریوں کی ذاتی معلومات یا ادائیگیاں حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ویب سائٹ تک رسائی حاصل نہ کریں اور نہ ہی اس پر کسی قسم کی معلومات فراہم کریں۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ نادرا کا واحد سرکاری ویزا پورٹل https//visa.nadra.gov.pk ہے۔
ادارے نے مزید کہا کہ شہری ہمیشہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نادرا کی تمام آن لائن خدمات صرف ان سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے استعمال کی جائیں جو .gov.pk پر ختم ہوتی ہیں۔
دوسری جانب نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے بھی شہریوں کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران نادرا کی طرز پر بنائی گئی 9 جعلی ویب سائٹس بلاک کی جا چکی ہیں جو شہریوں کی ذاتی معلومات چوری کرنے میں ملوث تھیں۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ جعلی ویب سائٹس شہریوں کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے سرگرم تھیں۔
ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تصدیق کے بغیر اپنی ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور مشکوک ای میل لنکس یا ایس ایم ایس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔