جمعہ کے خطبے کے دوران نمازیوں کے موبائل فون استعمال کرنے پر تُرک امام کا سخت ردِعمل

image

ترکی کے شہر طربزون کی ایک مسجد میں جمعہ کے خطبے کے دوران اس وقت غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی جب امام نے نمازیوں کو موبائل فون استعمال کرتے دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا اور انہیں سخت الفاظ میں تنبیہ کر دی۔

رپورٹس کے مطابق جمعہ کے خطبے کے دوران امام نے دیکھا کہ متعدد افراد خطبہ سننے کے بجائے اپنے موبائل فونز میں مصروف ہیں۔ اس صورتحال پر انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے نمازیوں کو یاد دلایا کہ خطبہ جمعہ کو توجہ سے سننا فرض ہے اور عبادت کے دوران موبائل فون میں مشغول رہنا عبادت کے وقار کے منافی ہے۔

امام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطبہ سننا فرض ہے، آپ سب کو اس فرض کی پابندی کرنا ہوگی۔ آپ مسجد تو آتے ہیں لیکن خطبہ نہیں سنتے۔”

امام نے مزید کہا کہ خطبہ جاری ہونے کے دوران فون پر بات کرنا یا فون میں مصروف رہنا عبادت کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے نمازیوں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگ اسی طرح موبائل فون میں مصروف رہیں گے تو اس سے عبادت کا مقصد ہی فوت ہوجاتا ہے۔

ترک امام کا کہنا تھا کہ بعض افراد تنبیہ کے باوجود بھی موبائل فون استعمال کرتے رہے۔ اس پر انہوں نے مزید سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا، میں لائیو نشریات بھی کر سکتا ہوں، آپ کو جمعہ کی نماز کے لیے آنے کی ضرورت ہی نہیں۔ آپ گھر بیٹھ کر لائیو نشریات دیکھ لیں اور وہیں سے جمعہ پڑھ لیں۔ آپ کہتے ہیں کہ ہم مسلمان ہیں، لیکن آپ اسلام سے متعلق کوئی بات نہیں کرتے اور نہ ہی اسلام کو جانتے ہیں۔”

امام نے مزید کہا کہ لوگ مسجد آتے ہیں لیکن خطبہ سننے کے فرض کو پورا نہیں کرتے، اس کے باوجود خود کو مسلمان قرار دیتے ہیں۔

بعد ازاں امام نے کہا کہ بار بار تنبیہ کے باوجود نمازیوں کے ہاتھوں میں موبائل فون موجود ہیں۔ انہوں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے ہاتھ میں اب بھی موبائل فون ہیں۔ آپ فرض کو نظر انداز کر رہے ہیں، اس طرح آپ کی نماز قبول نہیں ہوتی۔ اس طرح آپ کی جمعہ کی نماز بھی قبول نہیں ہوتی۔ پھر آپ کہتے ہیں کہ استاد غصہ ہو گیا۔ میں آپ کو صحیح راستہ دکھا رہا ہوں، میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ اللہ کیا فرماتا ہے۔ خطبہ سننا فرض ہے۔ آپ کی نماز قبول نہیں ہوتی۔

امام نے اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو وہ نہ نماز پڑھائیں گے اور نہ خطبہ دیں گے۔ انہوں نے نمازیوں سے کہا کہ میں نماز نہیں پڑھاؤں گا، میں خطبہ نہیں دوں گا۔ مسجد چھوڑ دیں اور چلے جائیں۔ کیا میں آپ لوگوں کے ساتھ یہی معاملہ کرتا رہوں؟

یہ واقعہ گزشتہ برس کا ہے تاہم یہ ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US