امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی تیل کی تنصیبات پر مزید حملوں کی دھمکی دی ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ٹرمپ کے بیان کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، برینٹ کروڈ کی قیمت 103 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی اور کاروباری دن کے دوران 2.67 فیصد تک بڑھی۔
اسی طرح، امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ کی قیمتیں بھی بڑھیں اور 98.71 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں، جو 3.11 فیصد کے اضافے کے برابر ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ایک بار پھر ایران کے خارگ جزیرے پر حملوں کے حوالے سے سخت بیان دیا ہے۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو فوجی اور معاشی لحاظ سے مکمل طور پر شکست دے دی ہے اور خارگ جزیرے کا بڑا حصہ تباہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممکن ہے امریکا تفریحاً چند مزید حملے بھی کر دے۔
امریکی صدر کے مطابق ایران تنازع ختم کرنے کے لیے معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم اب تک ایران کی جانب سے پیش کی جانے والی شرائط امریکا کے لیے قابلِ قبول نہیں ہیں۔