وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب انسانیت کے خلاف ہے۔
اسلاموفوبیا کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلاموفوبیا انسانی حقوق اور سماجی ہم آہنگی کو کمزور کرتا ہے، عالمی برادری کو اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
دہشتگردی یا انتہاپسندی کو کسی مذہب یا قوم سے جوڑنا ناانصافی ہے، دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں کو امتیاز اور نفرت کا سامنا ہے، اس رجحان کا خاتمہ ضروری ہے۔
سندھ میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، ہماری دھرتی ہمیشہ امن، برداشت اور بین المذاہب احترام کی داعی رہی ہے، سندھ کی دھرتی محبت، ثقافت اور رواداری کی علامت ہے۔
اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر آگاہی اور قانون سازی ناگزیر ہے، دنیا کو ’ہم اور وہ‘ کی سوچ سے نکل کر باہمی احترام اور مساوات کو فروغ دینا ہوگا۔
اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی مکالمہ وقت کی ضرورت ہے تاکہ امن اور ہم آہنگی کو فروغ مل سکے، سندھ حکومت مذہبی آزادی اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
نفرت انگیز تقاریر اور تعصب کے خلاف موثر اقدامات عالمی امن کے لیے ضروری ہیں، اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے حکومتوں، میڈیا اور عوام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
نفرت، تعصب اور امتیاز کے خاتمے کے بغیر پرامن دنیا کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، سندھ حکومت تمام مذاہب کے احترام اور مساوات کے اصول پر یقین رکھتی ہے۔