وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت کے ڈپٹی ترجمان کا بیان اپنی ہولناک کارروائیوں کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق باجوڑ ڈسٹرکٹ میں افغان طالبان حکومت نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 بے گناہ شہری شہید جبکہ ایک 5 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کی افغانستان میں کارروائیاں صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک محدود ہوتی ہیں اور ان کا مقصد سرحد پار موجود دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ہے۔
وزارت اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان افغان طالبان حکومت کی جانب سے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز پر انحصار نہیں کرتا، جبکہ طالبان حکومت کے سرکاری چینلز کا جھوٹ انہیں اندرونی اور عالمی سطح پر بے نقاب کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ باجوڑ میں سرحد پار سے ہونے والے حملے میں 4 شہری شہید ہو گئے تھے۔