دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے باعث لگنے والی آگ کو حکام نے پیر کے روز قابو کرلیا، تاہم واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئیں۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ایئرپورٹ کے قریب ڈرون گرنے کے نتیجے میں ایک فیول ٹینک متاثر ہوا جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد ایئرپورٹ سے ملحقہ سڑکوں اور ٹنلز پر ٹریفک کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔
ایمریٹس ائیرلائن نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دبئی آنے اور جانے والی پروازیں وقتی طور پر معطل کردیں جبکہ کچھ پروازوں کو المختوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب ایران اور امریکا اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پورے مشرقِ وسطیٰ کی فضائی حدود شدید متاثر ہیں۔ اس صورتحال کے باعث متعدد پروازیں منسوخ، مؤخر یا متبادل راستوں پر منتقل کی جا رہی ہیں جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 28 فروری سے خلیجی ممالک میں 2000 سے زائد میزائل اور ڈرون حملے ہوچکے ہیں جن میں امریکی فوجی اڈوں، سفارتی مشنز اور تیل کی تنصیبات سمیت شہری مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 11 مارچ کو بھی دو ڈرون دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب گرے تھے جبکہ موجودہ بحران کے آغاز پر ایرانی حملوں سے ایئرپورٹ کو جزوی نقصان بھی پہنچا تھا۔
رپورٹس کے مطابق حکام نے تاحال پروازوں کی مکمل بحالی کے وقت کا اعلان نہیں کیا۔