پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سردی کی واپسی، بارش اور پہاڑوں پر برفباری

image

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں جاتی ہوئی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ہے کہیں بارش اور کہیں برفباری سے موسم سرد ہوگیا جبکہ تیز ہواؤں نے شہریوں کو دوبارہ گرم کپڑے پہننے پر مجبور کردیا۔

لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی آگئی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں آسمان پر سیاہ بادل چھائے رہے۔

گجرات میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے جل تھل ایک کر دیا اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ سرگودھا میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔

ڈسکہ، وزیرآباد، میانوالی، پھالیہ، خانقاہ ڈوگراں، نارووال اور فیروز والا میں بھی بارش کے باعث موسم ٹھنڈا ہوگیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مانسہرہ کے بالائی علاقوں اور سیاحتی مقامات شوگراں، کاغان اور ناران میں ہلکی برفباری ہوئی ہے جبکہ شوگراں میں اب تک دو انچ سے زائد برف پڑچکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US