معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر ملکی معیشت کے استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کے باعث ملک میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور تیل کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے باوجود بروقت تشکیل دی گئی کمیٹی کے فیصلوں کی بدولت عوام کو ایندھن کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی سطح پر کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات نافذ کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید اقدامات پر کام جاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی جاری رکھا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام فیصلے فوری ریلیف کے ساتھ ساتھ طویل مدتی معاشی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی کشیدگی کے باوجود حکومت ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں تیل کے موجودہ ذخائر، فیول کی طلب پوری کرنے کے لیے درآمدات اور عوام کو ممکنہ ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تیل کی متعین قیمت پر فروخت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ تیل کی دستیابی اور مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے پاک ایپ (Pak App) میں نیا فیچر شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری ملک بھر میں کہیں بھی پیٹرول کی قلت یا زائد قیمت وصول کیے جانے کی شکایت براہ راست متعلقہ حکام تک پہنچا سکتے ہیں۔

اجلاس کے شرکاء نے گزشتہ جمعہ کو وزیراعظم کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کو بھی سراہا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US