خارگ آئل ٹرمینل پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، ایران کی سخت وارننگ

image

ایران نے اپنے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ آئل ٹرمینل پر کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں سخت اور فیصلہ کن ردعمل کی دھمکی دے دی ہے۔ ایرانی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکا کسی ملک کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے خارگ میں تیل تنصیبات کو نشانہ بناتا ہے تو ایران بھی جواباً اسی ملک کی تیل و گیس تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔

اپنے بیان میں بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج جب کسی معاملے پر وارننگ دیتی ہے تو اس پر عمل بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا کہ وہ اپنی سرزمین کسی بھی ایسے حملے کے لیے استعمال نہ ہونے دیں بصورت دیگر ایران کا ردعمل ان کے توانائی کے مراکز کو تباہ کر سکتا ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر کی جانب سے ایک روز قبل خارگ جزیرے پر ممکنہ حملے کا اشارہ دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ خارگ جزیرہ ایران کے ساحل سے تقریباً 15 ناٹیکل میل دور واقع ہے اور اسے ملک کا سب سے بڑا تیل برآمدی مرکز سمجھا جاتا ہے جہاں سے ایران کی تقریباً 90 فیصد خام تیل کی برآمدات ہوتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US