ہرمز بندش پر ٹرمپ کا غصہ عروج پر، اتحادیوں کو کھری کھری سنا دیں

image

آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ ملنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتحادی ممالک سے ناراض ہوگئے اور اوول آفس میں گفتگو کے دوران کسی کو طعنہ تو کسی کو کھلی دھمکی دے ڈالی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ہمیشہ نیٹو کے ساتھ کھڑا رہا اربوں ڈالر اس کے دفاع پر خرچ کیے لیکن جب امریکا کو ضرورت پڑی تو نیٹو ساتھ نظر نہیں آیا۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنگ جیتنے کے بعد جنگی طیارے بھیجنے کا اعلان مایوس کن تھا اور اب ان کی ضرورت نہیں رہی۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایرانی نظام کو ختم کر دیا ہے اور آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ ایران کا بحری اور فضائی دفاع مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک کا تیل آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے اب انہیں خود آگے آنا ہوگا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران میں اس وقت کوئی قابلِ مذاکرات قیادت موجود نہیں بلکہ ان کے بقول نئی قیادت بھی شاید زندہ نہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ پرتشدد عناصر کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں میزائل حملے کر رہا ہے اور مشرق وسطیٰ کی قیادت حاصل کرنا چاہتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

انہوں نے چین کے دورے کو بھی ایک ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی بات کی اور کہا کہ موجودہ صورتحال کے باعث انہیں امریکا میں ہی رہنا ہوگا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ چین، جاپان اور دیگر ممالک سے آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے بحری تعاون کی اپیل کر چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US