ایندھن کی بچت، کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ سے متعلق اہم جائزہ اجلاس

image

شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے اور وزیرِ اعظم کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انٹیلی جنس بیورو ان اقدامات کی نگرانی کرے گا اور باقاعدہ رپورٹ پیش کرے گا۔

حکام کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا ضروریات کے مطابق مناسب ذخیرہ موجود ہے جبکہ سپلائی چین کو مزید بہتر بنانے کے لیے وزیرِ پیٹرولیم کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ممکن ہوسکے۔ مزید برآں، کابینہ ارکان کی جانب سے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں نہ لینے اور سرکاری محکموں میں تیل کے استعمال میں کمی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جس سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں ادویہ کا مناسب ذخیرہ موجود ہے جبکہ ورک فرام ہوم کے لیے سرکاری ای-آفس سہولت فراہم کرنے کی غرض سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نے خصوصی کنیکٹیویٹی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

اجلاس میں اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطاء اللہ تارڑ، مصدق ملک، شزا فاطمہ، بلال اظہر کیانی، طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US