منی لانڈرنگ اور ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں منی لانڈرنگ اور ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک رقوم منتقل کرنے میں ملوث بڑے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا کہ حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق بیرونِ ملک رقوم کی ترسیل صرف بینکنگ اور دیگر قانونی چینلز کے ذریعے ممکن ہوگی، جبکہ منی چینجرز کے ذریعے رقوم کی منتقلی کے نظام کو بھی مزید منظم اور شفاف بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ پورے نظام کو فول پروف بنانے اور غیر قانونی چینلز کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں اسٹیٹ بینک اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ کے درمیان جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا، جو متعلقہ امور پر پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے گا۔

اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، گورنر اسٹیٹ بینک اور وفاقی سیکریٹری خزانہ نے بھی شرکت کی جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک نے بینکنگ چینلز کے ذریعے رقوم کی ترسیل کے موجودہ نظام پر بریفنگ دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US