جاری خلیجی تیل بحران اور حکومتی کفایت شعاری اقدامات کے پیش نظر حکومت نے 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کی مرکزی پریڈ اور اس سے منسلک تمام تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یومِ پاکستان اس بار سادگی اور وقار کے ساتھ منایا جائے گا، جس کے تحت ملک بھر میں محدود پیمانے پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ قومی وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنانے اور موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں کیا گیا ہے، تاہم یومِ پاکستان کی اہمیت اور اس کے نظریاتی پیغام کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔
اعلامیے میں تمام وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دن کو سادہ مگر باوقار انداز میں منائیں، تاکہ کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ قومی جذبہ بھی برقرار رکھا جا سکے۔