علی لاریجانی کی شہادت، ایران کا بدلہ لینے کا اعلان

image

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی اپنے صاحبزادے مرتضیٰ سمیت ایک حملے میں شہید ہوگئے جس کی ایرانی حکام نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق قومی سلامتی کونسل نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیا گیا جس میں لاریجانی اور ان کے بیٹے جان کی بازی ہار گئے۔ ایرانی میڈیا نے بھی ان کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی ریجانی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی ایک پوسٹ کی گئی ہے جس میں ان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ، خدا کا بندہ خدا سے جا ملا۔

اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب کی بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی کی بھی اسرائیلی حملے میں شہادت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق جنرل سلیمانی نے بسیج فورس کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ایران کی جانب سے ان حملوں کے ردعمل میں سخت مؤقف اپنایا گیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے واضح کیا ہے کہ شہدا کے خون کا بدلہ لیا جائے گا اور مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق علی لاریجانی کی قربانی ایرانی قوم کے لیے عزت اور بیداری کی علامت بن چکی ہے۔

واقعے کے بعد ایران نے اسرائیل کے خلاف مزید کارروائیاں تیز کر دی ہیں جس کے نتیجے میں تل ابیب اور یروشلم سمیت مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔ ساتھ ہی ایران نے متحدہ عرب امارات میں ڈرون کارروائیوں اور بغداد میں امریکی سفارتی مرکز کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے علی لاریجانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک اہم قومی رہنما قرار دیا جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے ایران کے لیے جائز اہداف ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US