صدر مملکت آصف زرداری کا علی لاریجانی کے قتل پر اظہار تعزیت

image

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسرائیلی حملے میں ایرانی سینئر رہنما علی لاریجانی کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کی ہے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے نومبر 2025 میں ڈاکٹر علی لاریجانی کے دورۂ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی تھی۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کے فروغ میں لاریجانی کے کردار کو سراہا۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث انسانی جانوں کا ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ رہا ہے، جس کے سنگین معاشی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

صدرِ مملکت نے بات چیت اور سفارتکاری کو مسائل کے حل کا واحد راستہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صورتحال جلد بہتر ہوگی اور خطے میں امن بحال ہوجائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا اور سفارتی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US