ایف 35 طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، ایران کا نشانہ بنانے کا دعویٰ

image

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی نشریاتی ادارے CNN نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے فائرنگ کے بعد ایک F-35 Lightning II اسٹیلتھ طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچویں نسل کے اس لڑاکا طیارے کو، جسے مبینہ طور پر ایرانی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، مشرق وسطیٰ میں قائم ایک امریکی فضائی اڈے پر اتارا گیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز کے مطابق طیارہ ایران کے اوپر ایک جنگی مشن پر تھا جب اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ انہوں نے بتایا کہ طیارہ بحفاظت اتر گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب (ایرانی پاسداران انقلاب) نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے رات 2 بج کر 50 منٹ پر اس طیارے کو نشانہ بنایا، اور امکان ظاہر کیا کہ طیارہ تباہ ہو گیا۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ان کے ایئر ڈیفنس سسٹم میں بہتری کا ثبوت ہے، اور وہ اس سے قبل بھی 150 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کر چکے ہیں۔ ایرانی حکام نے اس حوالے سے ایک مبینہ ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں طیارے کو نشانہ بنتے دکھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں جانب سے سامنے آنے والے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال نہیں ہو سکی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US