فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عید الفطر فوجی جوانوں اور افسران کے ساتھ گزارنے کے لیے ضلع کرم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نمازِ عید بھی ان کے ہمراہ ادا کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ عید کے بعد پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ فیلڈ مارشل نے اس موقع پر افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے آپریشن ”غضب للحق“ میں حاصل کامیابیوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز نے علاقائی امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گردوں کو پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دشمن عناصر کی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے جوانوں کے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے ان کا مورال بلند کیا۔