ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 48 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحال نہ کیا گیا تو امریکا سخت کارروائی کرے گا۔
امریکی صدر نے اپنے تازہ بیان میں دھمکی دی کہ امریکا مرحلہ وار ایران کے اہم پاور پلانٹس کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس کا آغاز بڑے بجلی گھروں سے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اس معاملے میں کسی تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب ایران نے امریکی دھمکی پر فوری ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس نوعیت کی کوئی کارروائی کی گئی تو مشرق وسطیٰ میں امریکی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک اور بیان میں امریکی میڈیا پر بھی برہمی کا اظہار کیا، خصوصاً نیو یارک ٹائمزکی رپورٹنگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف اپنے اہداف حاصل کر چکا ہے تاہم بعض رپورٹس اس کے برعکس تاثر دے رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں فوجی کارروائیوں کو محدود کرنے پر غور کر رہا ہے اور آبنائے ہرمز استعمال کرنے والے ممالک کو اپنی سیکیورٹی خود یقینی بنانا چاہیے۔