سپارکو نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحولیاتی مزاحمت کو مضبوط بنانے کے لیے اسپیس فار کلائمیٹ اقدام کا آغاز کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس اقدام کا مرکزی حصہ جیو اے آئی پر مبنی کلائمیٹ آبزرویٹری ہے، جو ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر قائم کی گئی ہے۔ یہ پلیٹ فارم سیٹلائٹ ڈیٹا، جغرافیائی تجزیات اور ماڈلنگ کو یکجا کر کے قابلِ عمل معلومات فراہم کرتا ہے۔
حکام کے مطابق یہ نظام فضائی آلودگی، ایرو سولز، سلفر آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ اور گرین ہاؤس گیسز کی نگرانی کے ساتھ ساتھ کاربن ڈائی آکسائیڈ، میتھین، جنگلات، گلیشیئرز، ساحلی نظام، دریاؤں اور زمین کے استعمال پر بھی نظر رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ پلیٹ فارم سیلاب، خشک سالی، ہیٹ ویوز، سمندری سطح میں اضافے اور گلیشیئر پھٹنے جیسے موسمیاتی خطرات کی بھی مسلسل مانیٹرنگ کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خلائی اور زمینی ڈیٹا کے امتزاج سے پالیسی سازوں، محققین اور عوام کو مؤثر رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا اور عالمی کوششوں کے مطابق پاکستان کے موسمیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔