وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی وقار، مضبوطی اور امن کے لیے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ اس پالیسی کو شہباز شریف، اسحاق ڈار اور عاصم منیر کی قیادت میں دور اندیشی کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ غیر یقینی اور تنازعات سے بھرپور عالمی ماحول میں پاکستان امن، مکالمے اور باہمی احترام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہمیشہ انصاف، مظلوم اقوام کی حمایت اور خطے میں استحکام کے قیام کے حق میں رہا ہے، جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کی آواز ہم آہنگی، اتحاد اور انسانیت کے پیغام کے طور پر سنی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور قیادت نے نہ صرف عالمی تعلقات کو بہتر بنایا بلکہ ملک کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو امن، باہمی تعاون اور ترقی پر یقین رکھتا ہے اور آج نہ صرف اپنے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے بلکہ ایک بہتر اور پُرامن مستقبل کی بنیاد بھی رکھ رہا ہے جہاں اختلافات کے بجائے مکالمہ غالب ہو۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے جو امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنے وقار اور اصولوں پر بھی ڈٹ کر قائم رہتا ہے۔