وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
مغربی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے جنوبی ایشیا وٹکوف اور صدر کے داماد جیرڈ کشنر کے ممکنہ دورہ اسلام آباد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا کہ یہ حساس سفارتی بات چیت ہے اور امریکا اس معاملے پر میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کرے گا۔
کیرولین لیوٹ نے مزید کہا کہ بدلتے ہوئے حالات میں میٹنگز کے حوالے سے قیاس آرائی کو حتمی نہ سمجھا جائے جب تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے باضابطہ اعلان نہ ہو۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مختلف میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، وٹکوف اور جیرڈ کشنر ممکنہ طور پر اگلے ہفتے اسلام آباد میں ایران کے حوالے سے مذاکرات میں حصہ لیں گے۔
دوسری جانب پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اگر تمام فریقین راضی ہوں تو پاکستان ثالثی کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔