این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا

image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 24 سے 31 مارچ تک بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں سے داخل ہونے والا مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بیشتر حصوں کو متاثر کرے گا۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 25 سے 26 مارچ کے دوران بارش کا امکان ہے، جن میں مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔ اسی طرح خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش متوقع ہے۔

پنجاب میں 28 سے 30 مارچ کے دوران بارشوں میں شدت آنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور پشاور سمیت دیگر علاقوں میں 25 سے 26 مارچ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ 28 سے 30 مارچ کے دوران بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی 25 سے 26 اور 28 سے 30 مارچ کے دوران بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، چمن، خضدار، گوادر اور دیگر علاقوں میں 24 سے 25 اور 27 سے 29 مارچ کے دوران بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت مختلف علاقوں میں 25 سے 26 اور 28 سے 29 مارچ کے دوران بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں جبکہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو کر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی صورتحال سے متعلق ہدایات پر عمل کریں۔ سیاحوں کو شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال چیک کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ" سے بروقت معلومات حاصل کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US