ایران نے محمد باقر ذوالقدر کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا نیا سیکریٹری مقرر کردیا ہے، وہ علی لاریجانی کی جگہ لیں گے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ تقرری نائب صدر کے حوالے سے سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ ایران نے منگل کے روز اسرائیل پر میزائلوں کی نئی بارش کی، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ تنازع ختم کرنے کے لیے مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے۔
تاہم ایرانی حکام نے کسی بھی مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر نے بھی سوشل میڈیا پر مذاکرات کی خبروں کو فیک نیوز قرار دیا۔
ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جلد سیکیورٹی حکام کا اجلاس طلب کرنے والے ہیں، جس میں ایران سے ممکنہ ڈیل پر غور کیا جائے گا۔
ایرانی میزائل حملوں کے بعد تل ابیب میں سائرن بج اٹھے اور ایک کثیر المنزلہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔
دوسری طرف اسرائیلی فضائیہ نے تہران میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں انٹیلی جنس مراکز اور میزائل اسٹوریج سائٹس شامل ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق دارالحکومت میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ فضائی دفاعی نظام متحرک رہا۔