آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے مطالبات کی منظوری اور خدشات دور نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں ہڑتال اور ہزاروں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کے لیے مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ اس سے قبل 6 مارچ کو بھی رابطہ کیا گیا تھا تاہم حکومت کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم سیکٹر اس وقت شدید مالی مشکلات، آپریشنل مسائل اور قیمتوں میں اچانک تبدیلیوں جیسے بحرانوں سے دوچار ہے، لہٰذا حکومت پالیسی سازی کے عمل میں صنعت کے اصل اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرے۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں 14 سے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان کے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ اگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو ملک گیر بندش کے نتیجے میں پیدا ہونے والے شدید فیول بحران کی تمام تر ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔