امریکا ایران کشیدگی: ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان کی ثالثی کوششوں کا خیرمقدم

image

ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد نے بروقت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

اپنے بیان میں ملائیشین وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر دوست ممالک کے رہنما موجودہ صورتحال میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے آگے بڑھے ہیں، جو خوش آئند پیش رفت ہے۔

انور ابراہیم نے کہا کہ مسلم دنیا میں پاکستان کی ساکھ اور امریکا و ایران دونوں کے ساتھ اس کے تعلقات اسے ایک موثر اور قابلِ اعتماد ثالث بناتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب بھی سفارت کاری کے لیے گنجائش موجود ہے اور واشنگٹن و تہران کو مثبت ردِعمل دینا چاہیے۔

ملائیشین وزیراعظم نے ایران کے حقِ خودمختاری کے دفاع کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ خلیجی خطے کے اہم انفراسٹرکچر کو مزید اس تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی عوام کو ایسے فیصلوں کے نتائج نہیں بھگتنا چاہییں جو کہیں اور کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا خطے میں پائیدار امن کے لیے ہر قابلِ اعتماد اور سنجیدہ سفارتی کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US