پاکستان نیوی اور چینی بحریہ کی مشترکہ مشق "سی گارڈین-4" کا آغاز

image

پاکستان نیوی نے پیپلز لبریشن آرمی (نیوی) کے جہاز DAQING کا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا ہے، جو پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ بحری مشق "سی گارڈین" کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق، یہ مشق 25 مارچ سے 2 اپریل 2026 تک جاری رہے گی۔ چینی بحری جہاز کی بندرگاہ آمد پر اسے روایتی جوش و جذبے کے ساتھ باضابطہ استقبالیہ دیا گیا، جبکہ پاکستان نیوی کے جہازوں نے اسے بندرگاہ تک باوقار انداز میں اسکورٹ بھی کیا۔

ترجمان کے مطابق، مشق "سی گارڈین" کا مقصد پاکستان اور چین کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون، پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے اور آپریشنل ہم آہنگی کو مزید فروغ دینا ہے۔

مشق کے دوران ہاربر اور سی فیز کی مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی، جن میں ماہرین کے تبادلہ خیال کے سیشنز، نوجوان افسران کا سیمینار، گنری فائرنگ، کوآرڈی نیٹڈ پیٹرولنگ اور سمندری سیکیورٹی آپریشنز شامل ہوں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق "سی گارڈین" مشقوں کا سلسلہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مشق نہ صرف دونوں بحری افواج کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گی بلکہ خطے میں محفوظ اور مستحکم بحری ماحول کے قیام میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US