کراچی کے شمالی اور مغربی علاقوں میں آج صبح سویرے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹم کے زیرِ اثر آج دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بارش کے دوران تندوتیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر گرج چمک کے بادل مضبوط ہوئے تو ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہوسکتی ہے تاہم کل شہر میں بارش کا امکان نہیں ہے۔
ہفتہ اور اتوار کو کراچی میں ایک بار پھر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔