امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران، عالمی سیاست اور داخلی امور پر سخت بیانات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران مذاکرات چاہتا ہےلیکن اس کی قیادت ڈر کے باعث کھل کر بات کرنے سے گریزاں ہے۔
صدر ٹرمپ نے واشنگٹن میں خطاب میں کہا کہ ایران بڑی بے تابی سے ڈیل چاہتا ہے مگر اگر اس کی قیادت مذاکرات کا عندیہ دے گی تو اپنے عوام کے ہاتھوں سنگین نتائج بھگتنے پر مجبور ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قیادت کو امریکا کے ہاتھوں مرنے کا بھی ڈر ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے دنیا میں 8 جنگیں روکیں اور ایک جنگ میں کامیابی کے قریب ہے۔ انہوں نے ایران کی نیوی اور فضائیہ کو مکمل طور پر ختم کرنے کا بھی کہا اور فیک نیوز پر تنقید کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیا ایسا تاثر دیتا ہے جیسے امریکا جنگ ہار رہا ہے حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی افواج نے ایران کے 100 میزائلوں کو ناکام بنایا جو اہم اہداف کی طرف بڑھ رہے تھے۔ انہوں نے سابق صدور باراک اوباما اور جو بائیڈن کی پالیسیوں پر تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ ان کی پالیسیوں نے امریکا کو نقصان پہنچایا۔