پاکستان اور عمان نے خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں توانائی کے شعبے میں تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ اتفاق وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں سلطنتِ عمان کے سفیر فہد بن سلیمان بن خلف الخروصی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا، جس میں علاقائی توانائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات موجود ہیں، جو مشترکہ تاریخ، باہمی احترام اور عوامی روابط پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عمان کے ساتھ توانائی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور نئے شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
علی پرویز ملک نے عمانی سفیر کو پاکستان کی جانب سے توانائی درآمدات میں تنوع اور سپلائی کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی علاقائی صورتحال کے پیش نظر پاکستان آبنائے ہرمز سے باہر متبادل راستوں اور ذرائع پر بھی غور کر رہا ہے۔
اس موقع پر عمان کے سفیر نے پاکستان کی توانائی ذرائع میں تنوع کی پالیسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عمان، پاکستان کی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے امید ظاہر کی کہ عمان پاکستان کی بڑھتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر توانائی کارگوز فراہم کرنے کی درخواست پر مثبت غور کرے گا۔ عمانی سفیر نے اس درخواست پر سازگار انداز میں غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ مارچ کے دوران عمان کی بندرگاہوں سے پیٹرول کے 3 اور ڈیزل کا 1 کارگو پاکستان درآمد کیا جا چکا ہے، جبکہ پیٹرول کے مزید 2 کارگوز بھی مارچ کے دوران عمان سے درآمد کیے جائیں گے۔
ملاقات میں اپ اسٹریم سیکٹر میں تعاون کے امکانات، بالخصوص تلاش و پیداوار کے شعبے میں پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں جانب سے تیل و گیس کے ترقیاتی منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل اور عمان ٹریڈنگ انٹرنیشنل کے درمیان بھی اضافی آئل کارگوز کے امکانات پر تعمیری بات چیت جاری ہے تاکہ پاکستان کی توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے پاکستان-عمان توانائی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔