ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستانی سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کے قریب شدید بمباری کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کے سامنے ایرانی فوج کا مرکز "ارتش" واقع ہے جبکہ پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو پاسداران کے علاقے میں مقیم ہیں جہاں رات تقریباً 8 بجے شدید بمباری کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بمباری کے باوجود پاکستانی سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور تمام سفارتی عملہ محفوظ رہا۔
سفارتی حکام کے مطابق سفیر مدثر ٹیپو تہران میں تقریباً بیس افراد پر مشتمل عملے کے ساتھ معمول کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ایک سینئر سفارتکار نے بتایا کہ دھماکوں کی آوازیں انتہائی شدید تھیں جس سے عملہ وقتی طور پر پریشان ہوا، تاہم تمام اہلکار محفوظ ہیں اور موجودہ خطرناک حالات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔