متحدہ عرب امارات میں موسلا دھار بارشیں، سڑکیں تالاب بن گئیں

image

متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں شدید موسلا دھار بارشوں کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دبئی، ابوظبی، شارجہ،عجمان اور راس الخیمہ سمیت مختلف ریاستوں میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جبکہ ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

دبئی پولیس نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ حکام کے مطابق موسم صبح تک غیر مستحکم رہے گا اور عوام کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق فجیرہ میں کم دباؤ کے باعث وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ الطویین میں سب سے زیادہ 47.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ ابوظبی کے المرجان میں 39.7 ملی میٹر، شارجہ میں 33.3 ملی میٹر اور خطم الشکلہ میں 31.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی آئی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو وادیوں اور برساتی ریلوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر امارات کے محکمہ موسمیات نے شدید بارش اور ژالہ باری کے بعد طوفان کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ محکمۂ اوقاف نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت نمازیں گھروں میں ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US