وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں قائم چینی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ان کا استقبال کیا۔
دوران ملاقات انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی تعاون، پولیس ایکسچینج پروگرام اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے جو اسلام آباد میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے گا۔ اس یونٹ کے اہلکاروں کو تربیت کے دوران چینی زبان بھی سکھائی جائے گی تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔
مزید برآں پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سیکیورٹی مسائل کے حل کے لیے بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں پہلے مرحلے میں موجود چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کی جائیں گی اور دوسرے مرحلے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند چینی سرمایہ کاروں سے رابطہ کیا جائے گا۔