پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ: 12 افغان مہاجرین کی بے دخلی عارضی طور پر روک دی

image

پشاور ہائیکورٹ نے افغان مہاجرین کی بے دخلی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے 12 افغان شہریوں کی عارضی بے دخلی روک دی ہے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 روز کے لیے ملتوی کرتے ہوئے وزارت سیفران سے جواب طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے نے عدالت میں اپنا جواب جمع کرایا جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وزارت سیفران کی جانب سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تمام افغان شہری خراسان کیمپ میں مقیم ہیں اور انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین سے رہائش کے لیے رجوع کر رکھا ہے۔ وکیل کے مطابق درخواست گزاروں کی اپیلیں یو این ایچ سی آر میں زیر التوا ہیں لہٰذا حتمی فیصلے تک انہیں ڈی پورٹ نہ کیا جائے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست گزاروں کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے ان کی بے دخلی عارضی طور پر روکنے کا حکم جاری کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US