حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر یہ پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اس کا اطلاق 25 اپریل تک ہوگا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلیجنس ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
حکومت پنجاب نے واضح کیا ہے کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔