چین کی ایک معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر وانگ یفئی 39 سال کی عمر میں ایک افسوسناک واقعے کے بعد چل بسیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، وانگ یفئی جو آن لائن "سسٹر وانگ ژا" کے نام سے جانی جاتی تھیں اور ان کے تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار فالوورز تھے، 9 مارچ کی صبح معمول کے مطابق لائیو اسٹریم کر رہی تھیں۔ اسی دوران انہوں نے اچانک اپنے سر اور گردن کو پکڑ لیا، چہرے پر تکلیف کے آثار نمایاں ہوئے اور انہوں نے اپنے اردگرد موجود عملے کو بتایا کہ وہ خود کو ٹھیک محسوس نہیں کر رہیں۔
جیسے جیسے ان کی حالت بگڑتی گئی، انہوں نے عملے کو چین میں ایمبولینس سروس کے نمبر 120 پر کال کرنے کے لیے پکارا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعد ازاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ان کی موت برین اسٹیم ہیمرج (دماغی شریان پھٹنے) کے باعث ہوئی۔
وانگ یفئی ایک چار سالہ بیٹی کی ماں تھیں اور وہ روزانہ 7 سے 10 گھنٹے تک لائیو اسٹریم کر کے خواتین کے ملبوسات فروخت کرتی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق انہیں گزشتہ چند ہفتوں سے خاص طور پر قمری نئے سال کے بعد مسلسل سر درد کی شکایت رہتی تھی، جس کے لیے وہ باقاعدگی سے درد کم کرنے والی ادویات استعمال کرتی تھیں۔
ان کی ایک قریبی دوست نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اچانک موت سے شدید صدمے میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ محض چند منٹ پہلے ہی وانگ یفئی کی لائیو اسٹریم دیکھ رہی تھیں جب ان کی طبیعت بگڑ گئی۔
دوست کے مطابق، "وہ کبھی شکایت نہیں کرتی تھیں۔ اگر انہیں کمر درد یا سر درد بھی ہوتا، تو وہ لائیو نشریات کے دوران اسے ظاہر نہیں کرتیں اور ہمیشہ یہی کہتیں کہ وہ ٹھیک ہیں۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ وانگ یفئی روزانہ صرف چار سے پانچ گھنٹے ہی سوتی تھیں اور اپنے لائیو اسٹریم کے پورے نظام کی خود ذمہ دار تھیں، جس میں فروخت اور سامان کی ترسیل بھی شامل تھی۔
اپنی دوست کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک نہایت سادہ اور مخلص انسان تھیں۔ کپڑوں کی فروخت میں وہ زیادہ منافع نہیں رکھتیں تھیں۔ ان کے وی چیٹ فین گروپ میں چار سے پانچ سو خواتین شامل تھیں، جو ان کی حقیقی مداح تھیں۔ وہ کپڑوں کے معیار، ڈیزائن اور قیمت پر سختی سے کنٹرول رکھتی تھیں، جس کی وجہ سے ان کے بہت سے وفادار خریدار تھے۔