مقابلہ حسن کی تقریر کے دوران مس تھائی لینڈ کے نقلی دانت گر گئے، ویڈیو وائرل

image

تھائی لینڈ میں ہونے والے معروف مقابلۂ حسن ’مس گرینڈ تھائی لینڈ‘ کے دوران ایک غیر متوقع واقعہ پیش آیا جب ایک امیدوار کے نقلی دانت اسٹیج پر گر گئے، تاہم امیدوار نے نہایت اعتماد اور مہارت کے ساتھ صورتحال کو سنبھال کر سب کو متاثر کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مقابلے میں شریک امیدوار کمولوان چاناگو (Kamolwan Chanago) ابتدائی مرحلے میں اپنا تعارف پیش کر رہی تھیں کہ اسی دوران ان کے ڈینٹل وینیئرز اچانک نکل گئے، جس سے چند لمحوں کے لیے اسٹیج پر خلل پیدا ہوا۔

یہ منظر ججز اور وہاں موجود ناظرین کے سامنے پیش آیا، تاہم کمولوان چاناگو نے گھبراہٹ کا مظاہرہ کرنے کے بجائے پُرسکون رہتے ہوئے فوری طور پر صورتحال کو سنبھالا۔ وہ چند لمحوں کے لیے مڑیں، اپنے ڈینٹل وینیئرز درست کیے اور پھر اعتماد کے ساتھ اپنی پرفارمنس جاری رکھی۔

امیدوار کے اس پُراعتماد اور پیشہ ورانہ رویے نے حاضرین کے دل جیت لیے اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

بعدازاں انہوں نے ایوننگ گاؤن میں پوز دیتے ہوئے کیمروں کے سامنے مسکراتے ہوئے اپنی پرفارمنس مکمل کی، گویا کچھ ہوا ہی نہ ہو۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جہاں صارفین نے ان کے حوصلے اور پیشہ ورانہ انداز کو خوب سراہا۔

یہ واقعہ مقابلے کے ابتدائی مرحلے کے دوران پیش آیا جبکہ فاتح کا اعلان ہفتے کے روز کیا جائے گا۔ جیتنے والی امیدوار مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 میں تھائی لینڈ کی نمائندگی کریں گی جو بھارت میں منعقد ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US