لاہور: اسپتال میں آپریشنز کے مقابلے کی ویڈیو وائرل، محکمہ صحت پنجاب کا نوٹس

image

لاہور کے لیڈی ولنگڈن اسپتال میں طبی اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار لیڈی ڈاکٹرز کو معطل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹرز نے مبینہ طور پر ایک دوسرے سے مقابلہ کیا کہ کون پہلے آپریشن مکمل کرتا ہے، جس دوران مریضوں کی جان کو خطرہ لاحق ہوا۔ اس پورے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی، جسے مریض کے وقار اور طبی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے سیکرٹری عظمت محمود نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چار ڈاکٹرز ڈاکٹر طیبہ فاطمہ، ڈاکٹر ماہم امین، ڈاکٹر زینب طاہر اور ڈاکٹر عائشہ افضل کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے اور انہیں اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی۔

ساتھ ہی اسپتال کی ایم ایس فرح انعام اور ایچ او ڈی پروفیسر عظمیٰ حسین سے تین روز کے اندر تحریری جواب طلب کر لیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے انتظامی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ اسپتال کے ایس او پیز پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں مزید سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US