چھ سال بعد پی آئی اے کی لندن پروازیں بحال، پہلی فلائٹ آج روانہ ہوگی

image

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے چھ سالہ تعطل کے بعد لندن آپریشنز بحال کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں، جبکہ اسلام آباد سے لندن کے لیے پہلی پرواز آج اتوار کو روانہ ہوگی۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ آج دوپہر 12 بجے اسلام آباد سے ہیتھرو ایئرپورٹ لندن کے لیے اڑان بھرے گا، جس کے ساتھ ہی یہ اہم فضائی روٹ دوبارہ بحال ہوجائے گا۔

اس موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس میں سیکریٹری دفاع، برطانوی ہائی کمشنر اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

پی آئی اے حکام کے مطابق لندن کے لیے ہفتہ وار 4 براہِ راست پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جن میں 3 پروازیں اسلام آباد جبکہ 1 پرواز لاہور سے روانہ ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے لندن جانے والی افتتاحی پرواز کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں، جبکہ لندن سے اسلام آباد واپسی کی پرواز بھی مکمل طور پر بک ہوچکی ہے۔

لندن روٹ کی بحالی کو پی آئی اے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی بلکہ قومی ایئرلائن کے بین الاقوامی آپریشنز کو بھی تقویت ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US