خلیج میں جاری جنگی صورتحال کے اثرات بھارتی معیشت پر نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کار تیزی سے بھارتی مالیاتی منڈیوں سے سرمایہ نکال رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک غیر ملکی سرمایہ کار بھارتی بانڈز اور اسٹاک مارکیٹ سے مجموعی طور پر 12 ارب 14 کروڑ ڈالر سے زائد سرمایہ واپس لے چکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت میں مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد سے بھارتی روپیہ بھی دباؤ کا شکار ہے اور اس کی قدر میں تقریباً 4.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر خلیج میں صورتحال مزید بگڑتی ہے تو بھارت کو درآمدی لاگت، مہنگائی، مالیاتی دباؤ اور سرمایہ کاری میں کمی جیسے مزید معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔