برطانیہ نے خلیجی خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر تقریباً ایک ہزار فوجی تعینات کر دیے ہیں، جبکہ برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے کہا ہے کہ برطانیہ قطر اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ کھڑا ہے۔
برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے دوحا میں اپنے قطری ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، ایران کے بڑھتے حملوں اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر برطانوی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کے حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسی تناظر میں خلیج میں برطانوی فوجی موجودگی بڑھا دی گئی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
جان ہیلی کا کہنا تھا کہ برطانیہ قطر اور دیگر خلیجی اتحادیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے اور آبنائے ہرمز کو کھلوانے کے لیے مختلف اتحادی آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے امریکا اور دیگر اتحادی ممالک کے تعاون کی بھی ضرورت ہوگی۔
علاقائی ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی بڑھنے کی صورت میں عالمی تیل رسد، بحری تجارت اور خلیجی سلامتی پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔