ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ آج سے شہر میں ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد ڈرائیونگ لائسنس اور منظور شدہ نمبر پلیٹس کا استعمال ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اس مہم کا مقصد شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے سے گریز کریں اور صرف حکومت کی جانب سے منظور شدہ نمبر پلیٹس ہی استعمال کریں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق یہ مہم روزانہ صبح اور شام کے اوقات میں دو دو گھنٹے کے لیے چلائی جائے گی تاکہ عوام کو قانون کی پاسداری کا عادی بنایا جا سکے۔ انہوں نے انتباہ جاری کیا کہ جن گاڑیوں پر نمبر پلیٹس موجود نہیں ہوں گی انہیں فوری طور پر بند کر دیا جائے گا، تاہم نمبر پلیٹ دکھانے پر گاڑی چھوڑ دی جائے گی۔
ایسی گاڑیاں جن کی نمبر پلیٹس سرے سے موجود ہی نہیں ہوں گی انہیں ضبط کرلیا جائے گا اور وہ صرف عدالت کے ذریعے ہی چھڑائی جا سکیں گی۔
اس مہم میں ٹریفک پولیس کے ساتھ ایکسائز، سی پی ایل سی، ڈسٹرکٹ پولیس اور ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا عملہ بھی فیلڈ میں موجود ہے۔
شہر میں ٹریفک جام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ مسائل کی بڑی وجہ مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی کام ہیں، تاہم ٹریفک پولیس ان مسائل پر قابو پانے کے لیے متحرک ہے جیسا کہ رمضان المبارک کے دوران کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والی تمام گاڑیاں ای چالان سے مستثنیٰ ہوں گی۔