ایرانی مسلح افواج اور پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خطے میں موجود امریکی اسٹریٹجک ریڈار سسٹمز اور بحری تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے متعدد مقامات پر حملے کیے گئے۔
ایرانی بیان کے مطابق ایرو اسپیس فورس کی کارروائیوں میں "فائر فار فائر" حکمت عملی کے تحت مسلسل حملے کیے گئے جن کے دوران تل ابیب اور مقبوضہ علاقوں کے مرکزی حصوں میں 50 سے زائد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں خرم شہر-4 ملٹی وار ہیڈ میزائل استعمال کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ بحری حملوں کے پہلے مرحلے میں امریکی ایمفیبیئس لینڈنگ کرافٹ یوٹیلیٹی جہازوں کے اجتماع کے مقام، شویخ بندرگاہ، کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ بحرین میں جبل الدخان کے مقام پر نصب طویل فاصلے تک نگرانی کرنے والے تھری ڈی ارلی وارننگ ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں تباہ کر دیا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق ایرو اسپیس فورس نے گزشتہ رات کی کارروائیوں کے تسلسل میں دو بیلسٹک میزائل فائر کیے جنہوں نے حیفہ کے جنوب مشرق میں واقع رمات ڈیوڈ ایئربیس کو نشانہ بنایا جہاں اسرائیلی ایف-16 لڑاکا طیاروں کے اسکواڈرن تعینات تھے۔
پاسداران انقلاب نے اسرائیلی شہر تل ابیب میں موساد کا ہیڈکوارٹر میزائل حملے سے تباہ کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ بلند و بالا عمارت کے قریب دھماکے کی آواز اور آگ کا بڑا گولہ فضا میں اٹھتا دکھائی دیا۔