ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ مذاکرات کے خلاف نہیں بلکہ مسلط کردہ شرائط کو مسترد کرتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان کا کردار قابلِ احترام اور اہمیت کا حامل ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے لیے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے شکر گزار ہیں اور اسلام آباد آنے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ ہماری ترجیح ایک غیر قانونی جنگ کے مستقل اور حتمی خاتمے کی شرائط ہیں جو ہم پر مسلط کی گئی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق اصل مسئلہ مذاکرات نہیں بلکہ ایران پر مسلط کی گئی جنگ کا مستقل اور فیصلہ کن خاتمہ یقینی بنانا ہے۔ تہران نے اس بات پر زور دیا کہ وہ علامتی یا نمائشی سفارتکاری کے بجائے بامعنی اور دیرپا حل چاہتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی میڈیا صورتِ حال کو مسخ کر کے پیش کر رہا ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ایران نے کبھی اسلام آباد سے منہ نہیں موڑا بلکہ پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور مؤثر پل سمجھتا ہے۔
تہران کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں تاہم بات چیت صرف اسی صورت ممکن ہے جب جارحیت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جائیں نہ کہ محض دکھاوے کی گفتگو ہو۔
ایرانی مؤقف کے مطابق یہ سفارتی ناکامی نہیں بلکہ اصولی مؤقف ہے۔ ایران نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دباؤ کو امن کے نام پر قبول نہیں کیا جائے گا اور انصاف کے بغیر کوئی معاہدہ ممکن نہیں۔