امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن پر بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے سابق سربراہ محمد البرادعی کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
محمد البرادعی نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، یورپی کونسل اور عالمی طاقتوں بشمول چین، روس اور فرانس سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پہلے کہ خطہ آگ کے گولے میں تبدیل ہو جائے، ٹرمپ کے اس جنون کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے خلیجی ممالک کی حکومتوں پر بھی زور دیا کہ وہ اس صورتحال کو سنبھالنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
یہ بیان ڈونلڈ ٹرمپ کی اس دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے جو انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر جاری کی، جس میں انہوں نے ایران کو متنبہ کیا کہ اس کے پاس نیا معاہدہ کرنے یا آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے صرف 48 گھنٹے باقی ہیں، بصورتِ دیگر اسے انتہائی سنگین نتائج (قیامت ٹوٹ پڑنے) کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں ایران کو دی گئی گزشتہ 10 دن کی مہلت کا بھی حوالہ دیا جو ان کے بقول اب ختم ہونے کے قریب ہے۔