ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ کر بوشہر جوہری تنصیب کے قریب حالیہ حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حساس جوہری مقامات کے قریب حملے نہایت خطرناک ہیں اور اس سے تابکاری آلودگی کا سنگین خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر بوشہر نیوکلیئر پلانٹ جیسے مراکز کو نقصان پہنچا تو اس کے خلیجی خطے میں ماحولیات اور انسانی جانوں پر سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور خطے میں مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
عباس عراقچی نے اپنے خط میں کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ بین الاقوامی سلامتی کے اصولوں کے لیے بھی خطرہ ہیں۔